غزہ پراسرائیل کی شدید بمباری ، 250 فلسطینی شہید

اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں ، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 250 فلسطینی شہید جبکہ 500زخمی ہوگئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی جنگ کے 80 ویں دن اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں شدید بمباری کی، مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں فلسطینیوں کے لیے کرسمس کی ایک اداس رات کے بعد شہری فاقہ کشی کا شکار ہیں۔فلسطینی عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے کسی فوری جنگ بندی کے آثار نظر نہیں آ رہے، غزہ میں قحط کا منظر ہے اور پٹی میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں اور تمام مکینوں کے اسرائیلی جارحیت یا بھوک کے باعث ختم ہوجانے کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق حالیہ پیش رفت میں فلسطینی طبی حکام نے بتایا ہے کہ وسطی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہدا کی تعداد 106 ہو گئی ہے، یہ اعلان اتوار کی شب المغازی پناہ گزین کیمپ میں ہونے والے فضائی حملے کو غزہ پر مہلک ترین فضائی حملوں میں شامل کر رہا ہے۔گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے وادی غزہ کے قریب البریج کیمپ کے مکینوں سے فوری طور پر انخلا کا مطالبہ کیا، غزہ کی پٹی کے اطراف میں واقع بستیوں پر دوبارہ میزائلوں کی بمباری کی اطلاع دی۔کرسمس کے موقع پر غزہ کی پٹی میں بمباری ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رکی ، پیر کی صبح فلسطینی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں ایک گھر پر اسرائیلی فوج کے چھاپے میں 23 افراد شہید ہوگئے جبکہ الزوائدہ کے چھوٹے سے گاؤں کے قریب بھی ایک بم دھماکے میں 12 افراد چل بسے۔