بجٹ امیر سے امیر تر اور غریب سے غریب تر کے سوا کچھ نہیں: بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ امیر سے امیر تر اور غریب سے غریب تر کے سوا کچھ نہیں۔وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ قومی ادارے اونے پونے داموں بیچنا بجٹ کی زینت بنی، بجٹ میں لیوی مزید بڑھائی گئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے براہ راست مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہو جائے گا، بلاوجہ بھٹو وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، بلاوجہ بھٹو کے بائیکاٹ کا ٹوپی ڈرامہ عوام خوب سمجھتی ہے، ڈرامے بند کر کے وضاحت کریں کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں یا نہیں؟مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی روٹھ کرغریب دشمن بجٹ سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس بدترین بجٹ کے ذمہ داران دونوں پارٹیاں ہیں۔