بلاول بھٹو کا بشکیک میں پاکستانی طلبہ کیخلاف پرتشدد واقعات پر اظہارِ تشویش

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشکیک میں پاکستانی طلبہ کے خلاف پرتشدد واقعات پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان بشکیک میں پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت کی فراہمی کو یقینی بنائے، وزارتِ خارجہ بشکیک میں پاکستانی طلبہ کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ طلبہ سے رابطے اور ان کے اہلخانہ تک درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائے، ہمارے نوجوان کرغزستان میں پاکستان کے سفیر ہیں، مشکل حالات میں تحمل و ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کریں۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان دو برادر اسلامی ممالک ہیں، کرغزستان پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، دونوں ممالک کے عوام باہمی دوستانہ تعلقات کیلئے ہمیشہ پرجوش رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے باہمی احترام و بھرپور تعاون پر کھڑے دوطرفہ تعلقات ہر موسم میں آزمودہ ہیں، یقین ہے حکومتِ کرغزستان اپنی سرزمین پر پاکستانیوں کا ہمیشہ اسی طرح خیال رکھے گی جیسے وہ اپنے شہریوں کا رکھتی ہے۔