ہم نے ہمیشہ ججز اور عدالتوں کا احترام کیا: مریم اورنگزیب

صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ ججز اور عدالتوں کا احترام کیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججز کی تعینات کے لئے کمیٹی بنائی تھی جس میں صوبائی وزیر قانون اور مجتبیٰ شجاع الرحمن شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ججز صاحبان نے بلایا تھا کہ اوپن کورٹ میں بات کریں، درخواست کی تھی کہ چیمبر میں بات کر لیتے ہیں لیکن اب سماعت ہو گئی ہے، پیر کا وقت دیا ہے امید ہے منافع بخش سماعت ہو گی۔سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ ججز اور عدالتوں کا احترام کیا ہے، ہم نے کبھی عدالتوں پر دھاوے نہیں بولے یا اوئے کہہ کر نہیں پکارا، ہم نے احترام کے ساتھ گھنٹوں کھڑے ہوکر ناحق سزائیں بھی کاٹی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے اس وجہ سے آج سرخرو ہوئے ہیں، ہمارے پاس منگل کو یہ کیس آیا ہم نے کام شروع کیا اور آج دیکھیں ہم جج صاحب کے سامنے پیش ہو گئے ہیں۔