فرینڈلی فائرنگ میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک

غزہ کے علاقے جبالیہ میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جنگ جاری ہے جس کے دوران فرینڈلی فائرنگ میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کا دعویٰ ہے کہ اس کے فوجیوں کی ہلاکتیں حماس کے حملے میں نہیں بلکہ خود فوج کے اپنے ہاتھوں ہوئی ہیں، دوسری طرف حماس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی فوج پر حملوں اور ہلاکتوں کے ویڈیو ثبوت جاری کیے جارہے ہیں جن میں درجنوں فوجیوں کی ہلاکت بارے آگاہ کیا جارہا ہے۔اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ٹینک کی فائرنگ سے پانچ فوجی مارے گئے، تمام فوجیوں کا تعلق پیرا ٹروپرز بریگیڈ کی 202ویں بٹالین سے تھا۔زخمی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔