بھارتی خاتون نے 140 زبانوں میں گا کر عالمی ریکارڈ قائم کرلیا

نئی دہلی: ایک بھارتی خاتون نے دبئی میں 140 زبانوں میں گانا گا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز حاصل کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی سُشیتا ستیش نے دبئی میں کنسرٹ فار کلائمٹ میں پرفارم کرتے ہوئے اپنی گلوکاری کی زبردست صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اپنے انسٹاگرام فالووَرز سے اس حوالے سے نیوز شیئر کرتے ہوئے سشیتا نے لکھا کہ مجھے آپ سب کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ خدا کے فضل سے میں نے دبئی میں کنسرٹ فار کلائمٹ کے دوران 9 گھنٹوں میں 140 زبانوں میں گا کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ یہ سب آپ لوگوں کی بدولت ہے، آپ کی نیک خواہشات اور حوصلہ افزائی کے لیے آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ویب سائٹ پیج کے مطابق، مِس سُتیش نے دبئی میں انڈین قونصلیٹ آڈیٹوریم میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے 140 زبانوں میں پرفارم کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔نمبر 140 کا انتخاب ان 140 ممالک کی نمائندگی کو ظاہر کرنے کے لیے کیا گیا تھا جنہوں نے دبئی میں کانفرنس آف دی پارٹیز 28 (COP 28) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔