ٹوکیو: جاپان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔جاپانی میڈیا کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز سطح زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا، زلزلے کے بعد 3 میٹر بلند سونامی آنے کا خطرہ ہے، کچھ علاقوں میں لہریں فوری پہنچ سکتی ہیں۔شمالی جاپان میں زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔حکام نے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو وہاں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے جہاں 3 میٹر تک اونچی سونامی لہروں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔جاپانی وزیراعظم سنائے تاکائے چی نے کہا کہ حکومت نے ایک ہنگامی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے اور متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں آنے والے 6 یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلوں میں سے 10 فیصد سے زیادہ صرف جاپان میں ہوتے ہیں، جاپان میں تقریباً ہر 16 ماہ بعد 7 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ آتا ہے، یعنی اوسطاً سال میں ایک بار سے کچھ کم زلزلہ آتا ہے۔حالیہ بڑا زلزلہ دسمبر 2025 میں 7.6 شدت کا ریکارڈ کیا گیا، تاہم جدید تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز واقعہ 2011 میں آنے والا زلزلہ تھا ، جس کی شدت 9.0 تھی، اس زلزلے نے سونامی کو جنم دیا، جس کے نتیجے میں 18,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور فوکو شیما جوہری پاور پلانٹ میں ایٹمی حادثہ بھی پیش آیا۔یاد رہے کہ 2011 میں جب سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی، بہت سے لوگوں نے یہ نہیں سوچا کہ سونامی اتنا بڑا ہوگا، اس لیے وہ مناسب اونچی جگہ پر منتقل نہیں ہوئے، اب حکومت سونامی کے حوالے سے انتباہ اور ہدایات جاری کرتی ہے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دیتی ہے۔









