ایرانی وزیرِ پیٹرولیم محسن پاک نژاد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق محسن پاک نژاد نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دفتر کے نائب سربراہ برائے مواصلات مہدی طباطبائی نے بتایا ہے کہ محسن پاک نژاد نے بہت پہلے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا تھا، جسے صدر نے محسن پاک نژاد کے اصرار کے بعد قبول کر لیا۔مہدی طباطبائی کے مطابق حامد بُوَرد کو وزارتِ پیٹرولیم کے امور کی نگرانی کے لیے قائم مقام وزیر مقرر کیا گیا ہے۔محسن پاک نژاد کا استعفیٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایران پر غیر معمولی نوعیت کی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جن کا خاص ہدف ایرانی تیل ہے۔حامد بُوَرد اس سے قبل نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ رہ چکے ہیں اور انہوں نے اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ آئل فیلڈ آپریشنز سے وابستہ رہتے ہوئے گزارا ہے۔






