پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف بلاوجہ جیل میں ہیں تاہم ان کا نظریہ قید نہیں کیا جا سکتا۔سینیٹر آف ایکسیلنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 85 فیصد تک متاثر ہو چکی ہے، انہیں اپنی لیگل ٹیم اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی کے نظریے کو عملی شکل دینے کے لیے کام کر رہی ہے اور عوام پر خرچ کرنا اولین ترجیح ہے، صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے فرسودہ کورسز کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری حکومت کا مشن ہے۔مزید برآں، سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں اور افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ خود بھی کسی سفارش کریں تو اسے نہ مانا جائے۔










