حنا طارق نے عورتوں کا ’فیمنسٹ‘ ہونا لعنت قرار دے دیا

    کراچی:اداکارہ حنا طارق نے خواتین کے حقوق، فیمنزم اور مردوں کے کردار سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عورتوں کا ’فیمنسٹ‘ ہونا لعنت قرار دے دیا۔حنا طارق نے حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے جدید تعلقات اور مرد و خواتین کے روایتی کرداروں پر کھل کر گفتگو کی۔حنا طارق کا کہنا تھا کہ انہیں نرم مزاج، حد سے زیادہ حساس یا پوکی مرد پسند نہیں، ان کے مطابق مرد کو مردانہ انداز میں مضبوط، فیصلہ کرنے والا اور خودمختار ہونا چاہیے۔اداکارہ نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا شریکِ حیات ذمے دار ہو، منصوبہ بندی کرے، کرایہ ادا کرے، انہیں پھول دے اور زندگی کے معاملات سنبھالے کیونکہ وہ عورت ہونے کے ناتے ان روایتی محبت بھرے رویوں سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں۔حنا کے مطابق وہ خود مالی طور پر خودمختار ضرور ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ چاہتی ہیں کہ مرد اپنی ذمے داریاں نبھائے کیونکہ عورت کے لیے یہی خوبصورتی ہے کہ وہ محبت، توجہ اور عزت پائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں وہ خواتین بھی پسند نہیں جو خود کو مردوں کے کردار میں ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں، ان کے مطابق وہ گاڑی میں پٹرول بھروانے، بھاری بیگ اٹھانے یا ہر عملی ذمے داری خود سنبھالنے کے بجائے چاہتی ہیں کہ مرد یہ کردار ادا کرے۔اداکارہ نے واضح کیا کہ عورت ایک خوبصورت اور نازک مخلوق ہے، جسے غصے کے بجائے محبت کی ضرورت ہوتی ہے۔ حنا طارق کے ان بیانات نے سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل پیدا کیا ہے، جہاں کچھ صارفین نے ان کے خیالات کو روایتی اقدار کے قریب قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے جدید فیمنزم کے خلاف سخت مؤقف سمجھا۔