لندن:ایک نئی تحقیق میں تشویش ناک انکشاف کیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) بوٹس کے ذریعے کئے جانے والے سائبر حملوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران 10 گنا سے بھی زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔سائبر سیکیورٹی کمپنی تھیلیز کی 2026 کی ’بیڈ بوٹ رپورٹ‘ کے مطابق روزانہ اے آئی سے چلنے والے بوٹ حملے صرف ایک سال میں 20 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 50 لاکھ تک جا پہنچے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اگرچہ اے آئی سے ہونے والے حملوں میں یہ اضافہ اہم ہے لیکن 2025 میں اصل بڑی تبدیلی یہ تھی کہ مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن خود انٹرنیٹ کے ڈھانچے کا عام حصہ بن گئے۔اے آئی سے ہونے والے حملے مختلف صنعتوں اور خطوں میں دیکھے گئے جو اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ اے آئی پر مبنی آٹومیشن کا دائرہ عالمی سطح پر پھیل چکا ہے، اے آئی بوٹس کے نشانے پر آنے والی صنعتوں میں ریٹیل، کاروبار، تعلیم اور حکومتی شعبے سب شامل ہیں یعنی اب کوئی بھی سیکٹر اس خطرے سے محفوظ نہیں رہا۔










