لاہور: پاکستان کے نامور گلوکار سجاد علی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، تاہم اس بار وجہ ان کا کوئی نیا گانا نہیں بلکہ ایک بھارتی ریئلٹی شو میں ان کا مقبول گیت راوی پیش کیا جانا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔سجاد علی گزشتہ چار دہائیوں سے اپنی منفرد آواز اور لازوال گیتوں کے باعث موسیقی کے شائقین میں بے حد مقبول ہیں۔ بابیا سے لے کر راوی تک ان کے متعدد گانے آج بھی سامعین میں یکساں پسند کیے جاتے ہیں۔ماضی میں سجاد علی اس وقت بھی خبروں میں آئے تھے جب انہوں نے پاکستانی ریئلٹی شو پاکستان آئیڈل میں اپنے گانوں کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث شو کے کسی بھی مقابلہ کرنے والے نے ان کا گانا پیش نہیں کیا تھا۔اب بھارتی ریئلٹی شو پنجاب ماسٹر چیمپس میں ایک کم عمر گلوکار کی جانب سے سجاد علی کا گیت راوی گائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا گانے کے استعمال کے لیے باقاعدہ اجازت حاصل کی گئی تھی یا نہیں۔اسی پروگرام میں ایک اور مقابلہ کرنے والے نے پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کا معروف گیت میری زندگی ہے تو بھی پیش کیا، جس پر بھی پاکستانی صارفین نے توجہ مرکوز کی۔سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریئلٹی شوز میں پاکستانی گانوں کا استعمال پہلے بھی ہوتا رہا ہے، تاہم اس بار اجازت اور کاپی رائٹ سے متعلق سوالات نے بحث کو مزید تقویت دی ہے۔









