پٹرولیم مصنوعات پر اربوں کی سبسڈی ختم کرنے کی تجویز

اسلام آباد:(لیڈرنیوز)پیٹرولیم ڈویڑن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے سے سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مصنوعات پر اربوں روپے کی سبسڈی ختم کرنے کی تجویز دے دی۔ منظوری کے لیے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔سمری میں تجویز دی گئی ہے کہ اوگرا کی تجویز کردہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ براہ راست عوام کو منتقل کیے جائیں اور پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کی شرح صفر پر رکھی جائے۔دستاویز کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی طلب اور مالیاتی بوجھ میں اضافے سے تیل کے درآمدی بل میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔پیٹرولیم ڈویڑن کے مطابق قیمتوں کے فرق کے دعووں میں فرق 30 جون تک 136 ارب روپے سے تجاوز کر جائے گا۔تیل کمپنیوں کی تنظیم او سی اے سی نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔