میرے خلاف میری پارٹی نے ہی سازش کی، شاہ محمود

ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنی ہی پارٹی پر برس پڑے اور کہا کہ 2018 کا الیکشن مجھے میری پارٹی نے ہرایا ، میرے خلاف میری پارٹی نے ہی سازش کی ہے۔ملتان میں پی پی 217 کی انتخابی مہم کے دوران وہاڑی روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے ذریعے انہیں 2018 میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن ان کی پارٹی نے ہی ہرایا ہے، جس کا وہ برملا اظہار کر چکے ہیں اور خان کو بھی بتا چکے ہیں۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ اگر وہ صوبائی اسمبلی کی نششت پر الیکشن جیت جاتے تو آج پنجاب کی یہ کیفیت نا ہوتی، ملتان اور جنوبی پنجاب کے حالات بھی بدل جاتے، پی پی 217 والو جاگو، مجھے کیا فرق پڑا میں تو وزیر خارجہ بن گیا۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں کہا گیا کہ مت لڑاؤ زین کو الیکشن ہار گیا تو بہت بے عزتی ہو گی، میں نے انہیں کہا کہ کچھ جنگیں ہوتی ہیں جو صرف جیت کے لئے ہی نہیں لڑیں جاتیں۔دوسری طرف زین قریشی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کے تناظر میں شاہ محمود قریشی نے یہ بات کی ہے۔