عمران خان کے الزامات سے میرے خاندان کیلئے خطرات بڑھ گئے: بلاول

 پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے میرے والد آصف زرداری پر جھوٹے الزامات لگائے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر اپنے رد عمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان سے میرے خاندان کیلئے خطرات بڑھ گئے ہیں، ‏ہم اپنی تاریخ کو دیکھتے ہوئے ایسے بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ‏عمران خان کے حالیہ بیان کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے، ‏ماضی میں دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے مجھے اور میری پارٹی کو دھمکیاں دی گئیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کے حالیہ توہین آمیز اور خطرناک الزامات کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کو بھی دیکھ رہے ہیں، عمران خان ان الزامات سے قبل میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں کی دہشتگردوں کی سہولت کاری اور ہمدردی کے حوالے سے دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جب حکومت میں تھا تو دہشتگردوں کو رہا اور جمہوریت پسندوں کو گرفتار کیا، اس نے خیبرپختونخوا کو دہشتگرد تنظیموں کے حوالے کیا، آج تک اس کی پارٹی دہشت گرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی ہے، اگر مجھ پر، میرے والد یا پارٹی پر کوئی حملہ ہوا تو اس سب کا بھی حساب لیا جائے گا۔