بشریٰ بی بی کا عدالتی حکم پر شفا انٹرنیشنل اسپتال میں طبی معائنہ

 اسلام آباد: سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا شفا انٹرنیشنل اسپتال میں میڈیکل چیک اپ مکمل کرلیا گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا شفا انٹرنیشنل اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا بھی اسپتال میں موجود تھے جب کہ میڈیکل روم کے اندر اور باہر پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی۔بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کے دوران اسپتال انتطامیہ کی جانب سے دیگر افراد کا داخلہ محدود کردیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی وکیل انتظار پنجوتھا کے مطابق ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں، اب رپورٹس کا انتطار ہے۔قبل ازیں بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کی شفا انٹرنیشنل اسپتال میں طبی معائنے کے دوران انڈوسکوپی کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم پر بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔