یوم پاکستان : سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقاریب

 یوم پاکستان کے موقع پر سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں سول اعزازات دینے کی تقاریب جاری ہیں، تعلیم ،صحت ،کھیل ، فن اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں سے منسلک افراد کو تمغہ امتیازسے نوازا جارہا ہے۔یوم پاکستان کی مناسبت سے گورنر ہاؤس میں اعزازات دینے کی تقریب جاری ہے جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن اہم شعبوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو سول اعزازات سے نواز رہے ہیں۔اسی طرح گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سول اعزازات پیش کر رہے ہیں۔قائم مقام گورنر عبدالخالق اچکزئی مختلف شخصیات کو اعزازات دے رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے ڈاکٹر ندیم جاوید کو گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ستارہ امتیاز سے نوازا، ان کو سی پیک کی طویل المیعاد منصوبہ بندی کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دیا گیا۔ڈاکٹر ندیم جاوید کو 2022ء میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے منصوبے کے اعتراف میں بھی ایوارڈ دیا گیا، منصوبہ بندی کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے بہترین خدمات انجام دینے پر بھی ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔تعلیم کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کو تمغہ امتیاز سے نوازاگیا،اسی طرح اداکاری میں بہترین کارکردگی پر سجل علی کوتمغہ امتیاز سے نوازاگیا۔ جگن کاظم کو بہترین اداکاری پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ، ڈاکٹر شاہد منیر،ڈاکٹرمحمد یار،ڈاکٹرعامرسعید،ڈاکٹر محمد ضیا کو تمغہ امتیازسے نوازا گیا جبکہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کو تمغہ امتیازدیا گیا۔