نوازالدین صدیقی اور اہلیہ نے بچوں کی خاطر صلح کرلی

بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے بچوں کی خاطر صلح کرلی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ صدیقی نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اور نوازالدین صدیقی نے بچوں کی خاطر ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جب ہم اپنی زندگی سے جڑی بُری اور تلخ چیزوں کو دنیا کے ساتھ شیئر کرتے ہیں تو ہمیں اپنی زندگی کی اچھی چیزوں کو بھی دنیا کے ساتھ شیئر کرنا چاہئے، چونکہ نوازالدین صدیقی یہاں تھے تو ہم نے بچوں کے ساتھ اپنی شادی کی 14ویں سالگرہ منائی اور اس کی تصویر کو اپنے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل نواز الدین نے نئے سال کا جشن بھی ہمارے ساتھ منایا تھا۔عالیہ صدیقی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں میری زندگی میں کچھ چیزیں بدلی ہیں۔ نوازالدین صدیقی اور میرے رشتے میں جو مسئلہ درپیش تھا وہ ہمیشہ کسی تیسرے شخص کی وجہ سے تھا لیکن اب یہ غلط فہمی دور ہوگئی ہے اور ہم نے اپنے بچوں کی خاطر صُلح کرکے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔عالیہ صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ان کی علیحدگی نے ان کی بیٹی شورہ کو بہت متاثر کیا یہ ہی وجہ ہے ان دونوں نے صرف اپنے بچوں کی خاطر مکمل طور پر اپنے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور اب ان کی زندگی میں الگ ہونے کا کوئی آپشن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بچے بڑے ہو رہے ہیں پھر شورہ اپنے والد نواز الدین صدیقی کے بہت قریب ہے، ہماری لڑائی جھگڑے سے وہ بہت پریشان ہوگئی تھی، وہ یہ سب برداشت نہیں کر پا رہی تھی اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ اب ہم اپنے تمام اختلافات بھلا کر ایک ساتھ رہیں گے۔خیال رہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عالیہ صدیقی نے اپنی 14ویں شادی کی سالگرہ کے موقع پر پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے نواز الدین صدیقی اور بچوں کے ساتھ اپنی تصاویر لگائی تھی۔