پولیس یونیفارم پہننے پر مریم نواز کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر جواب طلب

سیشن عدالت نے پولیس کی وردی پہننے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس حکام سے جواب طلب کر لیا۔ایڈیشنل سیشن جج مظفر نواز ملک نے درخواست پر سماعت کی، درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی، قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولیس کو وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی، عدالت پولیس کی وردی پہننے پر مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت نے مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی اور پولیس یونیفارم پہننے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس حکام سے 29اپریل کو جواب طلب کر لیا۔