سنجے دت کا جاوید میانداد سے ملاقات کی خواہش کا اظہار

بالی وڈ سپر اسٹار سنجے دت نے پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ بلے باز  جاوید میانداد سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔جاوید میانداد کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سنجو بابا کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے جاوید میانداد سے محبت کا اظہار کیا اور ملاقات کی خواہش بھی کی۔ویڈیو میں سنجے دت نے کسی ویڈیو کا تذکرہ کیا اور کہا کہ 'جاوید بھائی سلام، ہم لوگوں نے آپ کی ویڈیو دیکھی جسے دیکھ کر بہت مزہ آیا، میں بہت عرصے بعد آپ کو دیکھ رہا ہوں، بہت اچھا لگا'۔سنجے دت نے توقع ظاہر کی کہ اگلے ماہ اگست میں لنکا پریمیئر لیگ کے موقع پر سری لنکا کے شہر کینڈی میں ملاقات ہوگی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر مداحوں کی جانب سے تبصرے کیے گئے، کسی نے سنجے دت کو پاکستان آنے کی دعوت دی تو کسی نے کہا کہ جاوید میانداد وہ لیجنڈ ہیں جن کی پوری دنیا ہی عزت کرتے ہے۔