اسحاق ڈار کی چینی وزیر خزانہ سے ملاقات ، پاک چین مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو سراہا

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور چین کے وزیر خزانہ نے پاک چین مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو سراہا اوردونوں ممالک کے درمیان ’’آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ کا مظہر قرار دیا، دونوں رہنماؤں نے بزنس ٹو بزنس روابط کے پیش نظر مالی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو سراہا اور مالی استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں چین کی پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا جبکہ مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو  فروغ دینے  میں نائب وزیراعظم کے تعاون کو بھی سراہا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور چین سے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ ترجیح پر بھی زور دیا جبکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے جن ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ان میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی ، معدنیات اور قابل تجدید توانائی شامل ہیں۔