ثانیہ مرزا کا بڑا پن : مگر ہم کہاں کھڑے ہیں!

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کیا ہوئی، ایک بار پھر پاکستانی مین سٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھونچا ل آگیا۔ پہلے جب ان دونوں کی شادی ہوئی تھی، اُس وقت پورا ہفتہ ان کی شادی کی تقریبات ہمارے میڈیا نے چلائی تھیں اور اب طلاق پر بھی ایسا ہی حال ہے۔ لیکن اس مرتبہ یعنی طلاق کے وقت جو چیز باعث حیرت اور باعث شرمندگی بن رہی ہے وہ یہ کہ ہم جس انداز میں اپنی سابقہ بہو بیٹی کو ٹرول کر رہے ہیں وہ باعث حیرت ہے۔ ہم کبھی ثانیہ مرزا کو لبرل ازم سے جوڑ دیتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں کہ وہ کسی کے ساتھ معاشقے میں تھیں۔ ہم کبھی کہہ دیتے ہیں کہ اُسے گھر بسانا نہیں آیا اور کبھی کہہ دیتے ہیں کہ وہ شادی کے 8دس سالوں میں محض چند ماہ ہی شعیب کے ساتھ رہیں۔ جبکہ بدلے میں ثانیہ کی اعلیٰ ظرفی دیکھیں کہ شعیب ملک کی ثناءجاوید کے ساتھ تیسری شادی پر اُس نے ایک لفظ بھی نہیں کہا ۔ بلکہ نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ’ ’میںنے ہمیشہ عوام سے اپنی نجی زندگی کو پوشیدہ رکھا، البتہ آج ضرورت پیش آگئی ہے کہ یہ بات سب سے شیئر کروں کہ شعیب اور میری طلاق کو کچھ ماہ گزر چکے ہیں، اور میں اپنے سابقہ شوہر کے لیے نئی زندگی شروع کرنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں“ ۔ دوسری جانب پاکستانی یعنی ہم عوام نے پورا سوشل میڈیا ثانیہ مرزا کے خلاف بھر دیا ہے۔ اسے آپ اخلاقی تربیت کہہ لیں یا کچھ اور لیکن بات تو ہے رسوائی کی۔ اور پھر یہی نہیں بلکہ یہ چیزیں ہماری روایات کا حصہ بنتی جا رہی ہیں جبکہ اس کے برعکس ہماری ”بہوﺅں“ کا طرز عمل خود دیکھ لیں ،،، آپ ثانیہ مرزا کو چھوڑیں آپ جمائما گولڈ سمتھ کو دیکھ لیں۔ عمران خان اور جمائما خان کی طلاق کو 20سال گزر چکے ہیں مگر مجال ہے کہ جمائما خان کی جانب سے عمران خان کے خلاف آپ نے کو ئی بات سنی ہو۔ بلکہ اب بھی مداح ان کی جوڑی اور محبت سے متعلق باتیں کرتے رہتے ہیں۔جمائما خان اور عمران خان کی 1995 میں ہوئی تھی جبکہ ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو اس وقت لندن میں زیر تعلیم ہیں اور اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کے ہمراہ رہتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی جانب سے پہلی شادی کی ناکامی کے بعد کی جانے والی دوسری 2 شادیوں کے وقت بھی جمائما گولڈ اسمتھ نے انہیں مبارک باد دی تھی۔دونوں کے درمیان بچوں کی وجہ سے اچھے تعلقات بھی رہے۔ جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد پیش کی تھی جب کہ دیگر کامیابیوں پر بھی وہ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ پھر یہی نہیں بلکہ جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کی وجہ سے ان کے مداح اب بھی یہ سمجھتے ہیں کہ شاید وہ خان سے اب بھی محبت کرتی ہیں اور ان سے سوشل میڈیا پر ایسے ہی سوالات کرتے رہتے ہیں۔لیکن جب عمران خان کی دوسری شادی ریحام خان سے ہوئی اور پھر طلاق ہوئی توسب جانتے ہیں کہ اس 9ماہ کی شادی کے چرچے ریحام خان نے کہا ں کہاں تک کیے تھے۔ بلکہ الیکشن 2018ءسے قبل تو ریحام خان نے عمران خان کے خلاف ایک کتاب لکھ دی تھی۔ انہوں نے اپنی کتاب میں زلفی بخاری، وسیم اکرم، انیلہ خواجہ اور اعجاز رحمان پر بھی الزامات لگائے، کتاب کے صفحہ 402اور572پر وسیم اکرم کی مرحومہ بیوی سے متعلق انتہائی گھناﺅنے الزامات لگائے، اپنی پہلی شادی کی تباہی کا ذمہ دار اعجاز رحمان کو قرار دے دیا۔ کتاب میں انیلہ خواجہ کو عمران خان کی چیف آف حرم قرار دیا گیا۔ زلفی بخاری پر لندن کی ایک خاتون کا اسقاط حمل کرانے کا الزام لگایا گیا۔الغرض عمران خان کے بارے میں ایسی شرمناک باتیں لکھی گئی کہ ایسا لگے کہ عمران خان کو دنیا کا سب سے بُرا انسان ہے اور اپنے آپ کو تہجد گزار بتایاہے۔ جس سے نہ صرف عمران کان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا بلکہ تحریک انصاف انتخابات میں فارغ بھی ہوسکتی تھی۔ اورپھر ہمارا یہ وطیرہ آج کا نہیں بلکہ ہم نے محسن حسن خان اور رینا رائے کی شادی کو بہت زیادہ کریدا۔ ان کی شادی 1983ءمیں ہوئی تھی اور طلاق 1990ءمیں اُس وقت نہ تو پرائیویٹ ٹی وی چینلزتھے اور نہ ہی سوشل میڈیا۔ لیکن اُس وقت کے اخبارات اور میگزین نے ان کی طلاق کو بہت اُچھالا۔ لیکن رینا رائے خاموش رہیں۔ بلکہ زشتہ سال انہوں نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے بھارتی میڈیا کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ خود ایڈجسٹ نہ کر سکیں، محسن خان کے لائف سٹائل میں ایڈجسٹ نہ ہو پانا ہی طلاق کی وجہ بنا ورنہ محسن خان نے تو ساتھ رہنے کی خاطر لندن شفٹ ہونے کی پیشکش بھی کی تھی۔رینا رائے نے بتایا کہ محسن خان کا اپنی بیٹی جنت کو ساتھ رکھنے کا مقصد بھی یہ تھا کہ میں بیٹی کی خاطر اس کے ساتھ رہ لوں۔رینا رائے نے طلاق کے بعد بیٹی کو اپنی تحویل میں لینے کے حوالے سے بتایا کہ اس کے لیے میں نے سادھو¶ں اور سنتوں کا سہارا بھی لیا ہے۔اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ محسن خان اچھے شوہر تھے اور وہ ایک اچھے باپ بھی ہیں اور وہ اپنی بیٹی کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں، باپ بیٹی کے درمیان اچھا تعلق ہے۔رینا رائے کا کہنا تھا کہ محسن اب اپنی زندگی میں سیٹ ہیں، میں ان کی صحت اور زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔پھر آپ مثال لے لیں،، دلکش بلے باز وسیم راجہ کا 2006ءمیں انگلینڈ میں انتقال ہو گیا تھا، ان کے بے شمار مداحین کے لیے یہ بہت بڑا صدمہ تھا۔ 54 سال کی عمر میں بھی ان کی کرکٹ سے محبت ختم نہیں ہوئی۔انہوں نے سیاسیات میں ایم اے کیا اور پھر انگلینڈ سے پی ایچ ڈی کی۔ انہوں نے انگریز خاتون اینی سے شادی کی جن سے ان کی ملاقات 1978ءمیں ہوئی۔اس وقت پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دورے پر تھی۔ اس انگریز بیوی سے ان کے دو بیٹے علی اور احمد ہیں۔ وسیم راجہ کی لائف اچھی رہی مگر درمیان میں کچھ چاہے ان چاہے واقعات ہوئے مگر مجال ہے کہ کسی نے اُن کی بیوی کے منہ سے کوئی غلط کلمات سنے ہوں۔ پھر آپ وسیم اکرم کی بات کر لیں اُنہوں نے بھی اپنی پہلی بیوی کی وفات کے بعد دوسری شادی آسٹریلوی خاتون شیزا تھامسن سے کی۔ مگر مجال ہے شیزا نے بھی کہیں کسی قسم کا کوئی شکوہ میڈیا پر کیا ہو۔ پھر مدثر نذر کو دیکھ لیں جنہوں نے پہلی شادی برطانوی خاتون سے کی اور کئی سال تک یہ شادی چلتی رہی۔ پھر ان کی راہیں جدا ہو گئیں۔ لیکن اس برطانوی خاتون نے بھی آج تک مدثر نذر کے بارے میں کچھ نہیں کہا ۔ پھر آپ ظہیر عباس کی موجودہ اہلیہ کا نام ریتا لُتھرا تھا۔ ظہیر عباس سے شادی سے پہلے انہوں نے اسلام قبول کیا اور ان کا نام ثمینہ عباس رکھا گیا۔پھر آپ وقار یونس کو دیکھ لیں جنہوں نے پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاتون سے 2000ءمیں شادی کی۔ یہ شادی اب تک بہت کامیاب جا رہی ہے۔ وقار یونس کی اہلیہ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔ وقار یونس کا بڑا بیٹا 18 برس کا ہو چکا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وقار یونس اور ان کی اہلیہ میں زبردست ہم آہنگی ہے اور یہ ایک مثالی جوڑا ہے۔ پھر پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے 2016ءمیں ایک پاکستانی نژاد برطانوی خاتون نرجس ملک سے شادی کی۔ محمد عامر اور نرجس ملک نے پسند کی شادی کی۔ کہا جاتا ہے کہ نرجس ملک سپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عامر کی وکیل تھیں۔نرجس نے محمد عامر کی بہت مدد کی جس سے عامر بہت متاثر ہوئے۔ دونوں اچھے دوست بن گئے۔ اس دوستی کا نتیجہ شادی کی صورت میں نکلا۔ وکیل نرجس ملک نے شادی کا مقدمہ جیت لیا۔ دونوں کی ایک بیٹی ہے۔پھر آپ پاکستانی فاسٹ باﺅلر حسن علی بھی ایک بھارتی خاتون سامعہ آرزو سے 20 اگست کو شادی کر رہے ہیں۔ ان کی ہونے والی اہلیہ فلائٹ انجینئر ہیں اور ان کا تعلق بھارت کی ریاست ہریانہ سے ہے۔ یہ بھی پسند کی شادی ہے۔ دونوں کی ایک ملاقات ہوئی اور پھر بات کہاں سے کہاں پہنچ گئی۔ حسن علی نے اپنی شادی کی خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔ قصہ مختصر کہ آپ جب بیرون ملک سے اپنی بہو بیٹی لاتے ہیں تو یہ سوچتے ہیں کہ وہ آپ کے ماحول کے مطابق Typicalلائف گزارے تو کیا کبھی آپ نے اس کے برعکس سوچا کہ شاید اُس کے خاندان کی روایات اس سے مختلف ہوںگی۔ اور رہی بات شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کی تو یقین مانیں ہم پاکستانی طلاق کو جتنا معیوب سمجھتے ہیں۔ دنیا میں کہیں ایسا نہیں دیکھا جاتا ۔ ہم طلاق یافتہ خاتون کے بارے میں ایسے ایسے کلمات کہہ جاتے ہیں کہ خدا کی پناہ ۔ ہم یہ بھی بھول جاتے ہیں کہ ہمارے گھر میں جو بیٹا ہے اُسے بھی طلاق ہو چکی ہے۔ لیکن اُس کے لیے فوری طور پر لڑکی ارینج کر لی جاتی ہے۔ بلکہ اپنے طلاق یافتہ بیٹے کے لیے ایسی بہو کی تلاش کرتے ہیں جو کنواری ہو۔ لیکن طلاق یافتہ لڑکی کے لیے ہماری سوچ اس سے ذرا ہٹ کر ہوتی ہے۔ لہٰذاہمیں بطور قوم اپنے بچوں کی ایسی تربیت کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ کسی کی بہو بیٹی کو عزت دیں۔ اپنے آپ کو انا کی بھینٹ چڑھانے کے بجائے کسی کی عزت کی خاطر ”سرنڈر“ کرنا سیکھیں۔ ورنہ ہمارے بچے بھی اس کل معاشرے کا غیر معیاری حصہ بن کر رہ جائیں گے۔ جن کی دنیا بھر میں کہیں عزت نہیں!