”باکو “دنیا کا واحد شہر جہاں پاکستانیوں کی عزت ہے! (2)

ہم نظامی اسٹریٹ میں موجود ہی تھے کہ وہاں پر ”لوڈ شیڈنگ“ کی وجہ سے لائیٹ چلی گئی،،، دل میں سوچا کہ یہاں ہمارے حکمرانوں کو کافی آنا جانا شروع ہو چکا ہے،،، ہو سکتا ہے، اُنہوں نے یہاں کے حکمرانوں کو بھی Savingکے منصوبے بتا دیے ہوں، جن پر یہ عمل کرکے اپنے ملک کی ناﺅ بھی ڈبونے لگے ہیں،،، لیکن پھر اس خیال سے ذہن کو جھٹک دیا،،، کہ ہمارے جیسے شاہکار قسم کے وزراءاور بیوروکریٹ دنیا میں بہت نایاب ہیں،،، خیر بات ہو رہی تھی نظامی اسٹریٹ کی تو وہاں صفائی کے انتظامات اس قدر شاندار تھے کہ لگ ہی نہیں رہا تھاکہ یہاں گردو غبار کبھی ہوتا بھی ہوگا ،،، یہ اسٹریٹ صرف خریداری، کیفے اور خوبصورت عمارتوں کی وجہ سے مشہور نہیں، بلکہ یہ شہر کی تاریخ اور تہذیب کا ایک اہم حصہ ہے۔باکو میں تیل کی دریافت اور اس کے بعد آنے والی معاشی ترقی نے شہر کی شکل بدل دی۔ اسی دور میں یہاں شاندار عمارتیں، تجارتی مراکز، دکانیں اور یورپی طرزِ تعمیر پروان چڑھا۔آج یہ باکو کے مرکزی اور مصروف ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں پرانی تاریخی عمارتیں، جدید برانڈز، ریسٹورنٹس، کیفے اور خوبصورت روشنیاں ایک ساتھ نظر آتی ہیں۔یہاں چلتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ باکو نے اپنی تاریخ کو مٹایا نہیں، بلکہ اسے جدید دور کے ساتھ خوبصورتی سے جوڑ دیا ہے۔ بہرحال کچھ جگہیں صرف تصویروں کے لیے نہیں ہوتیں،وہ تاریخ کو قریب سے محسوس کرنے کے لیے ہوتی ہیں۔ اور یہی یہاں کی نظامی اسٹریٹ کا خاصا ہے،،، اگر ہم یہاں کے مذہب کی بات کریں تو آذربائیجان آئینی طور پر ایک سیکولر ملک ہے، تاہم اس کی تقریباً 95 سے 97 فیصد آبادی مسلمان ہے۔ یہاں مذہب کو سیاست اور ریاستی قوانین سے الگ رکھا گیا ہے، اور زیادہ تر شہری اسلام کو اپنی ثقافتی اور قومی پہچان کے طور پر دیکھتے ہیں۔آذربائیجان کے مسلمانوں کی اکثریت اہل تشیع (تقریباً 65 سے 85 فیصد) ہے، جبکہ اہل سنت (تقریباً 15 سے 35 فیصد) بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ روایتی طور پر دونوں مسالک کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور باہمی فرق کو زیادہ شدت سے نہیں دیکھا جاتا۔جبکہ اقلیتیں بھی یہاں موجود ہیں،،، جیسے ملک میں مسیحی (آرتھوڈوکس اور آرمینیائی کلیسا) اور یہودی برادریوں کی عبادت گاہیں اور قدیم مراکز بھی موجود ہیں۔وہاں پر شخصی آزادی ضرور ہے، مگر مذہبی تنظیمیں کنٹرول میں ہیں،،، وہاں مذہبی منافرت پھیلانے پر سخت پابندی ہے، وہاں پر مذہبی لٹریچر پھیلانے کی اجازت صرف سرکار کو ہے،،، وہاں فرقہ واریت کی بات کرنا بھی گناہ سمجھا جاتا ہے،،،وہاں پر مساجد کا کنٹرول بھی سرکار کے ہاتھ میں ہے،،، مساجد کو بنانا بھی سرکار ہی کی ذمہ داری ہے،،، ایسا نہیں ہے کہ جس کا جہاں دل چاہا وہاں مسجد بنا دی،،، وہ خواہ جگہ غیرقانونی ہے،،، غیر رجسٹرڈ ہو یا قبضے کی جگہ ہو،،، اس لیے وہاں ایسی عبادت گاہیں تعمیر کرنے کی سختی سے ممانعت ہے،،،تبھی یہاں مسجدیں انتہائی کم ہیںآپ 5یا دس کلو میڑ کے بعد ہی شاید کو ئی مسجد دیکھیں ، تبلیغ کی سرکاری طور پر ممانعت ہے۔معذرت کے ساتھ شاید یہاں پر امن بھی انہی سختیوں کی وجہ سے قائم ہے،،، ہاں! وہاں پر ہم حضرت بی بی ہیبت ؒخانم کے مزار پر ضرور گئے،،، یہ مزار حضرت امام موسیٰ کاظم ؒ کی تین صاحبزادیوں میں سے ایک کا تھا،،، اُن کی دیگر صاحبزادیوں کے نام رحیمہ خانم اور حضرت لیلیٰ تھیں، جن کے مزارات مختلف مقامات پر واقع ہیں،،، خیر بی بی ہیبتؒ کے مزار کا احاطہ بہت وسیع و عریض اور بڑا عالیشان تھا،،، جہاں ہر وقت زیادہ تر خواتین کی حاضری رہتی ہے۔ مزار کے گنبد کے اندرونی حصہ میں شیشہ کاری کا کام ہوا ہے جبکہ مزار و مرقد پر بھی شیشہ کا کام ہوا ہے۔ مزار کے ملحقہ چھوٹی سی مسجد بہت سادہ شاندار اور گنبدوں سے مزین ہے۔ مزار سے علیحدہ کچھ فاصلے پر ایک عالیشان مسجد الگ سے بنی ہے۔ وقت کی کمی اور سفر کی وجہ سے باقی دو بیٹیوں کے مزارات پر حاضری نہ ہو سکی۔ اگر ہم باکو میں کرائم کی بات کریں تو وہاں اگر آپ رات 3بجے سنسان سڑک پر پیدل بھی سفر کر رہے ہیں تو یہ آپ کے لیے محفوظ ہے،،،یعنی رات یا دن کے وقت عام طور پر باکو کی سڑکوں پر چلنا محفوظ سمجھا جاتا ہے اور لوگ خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ کیوں کہ وہاں کرائم کا تناسب صفر ہے،،، وہاں پر حقیقی سیف سٹی قائم ہے،،، جو غیرقانونی رہنے والوں کو بھی 24گھنٹے میں ڈھونڈ نکالتے ہیں،،، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ یہاں جرائم پیشہ افراد نہیں ہوں گے،،، لیکن یہ اتنا نایاب لگتا ہے کہ جب ایسا ہوتا ہے تو یہ مہینوں تک ٹی وی پر رہتا ہے۔اگر وہاں پر کرائم ہیں بھی تو جسمانی حملوں اور مسلح ڈکیتی جیسے پرتشدد جرائم کی شرح بہت کم ہے۔پھر وہاں پر چوری، ڈکیتی اور توڑ پھوڑ (Vandalism) جیسے املاک کے جرائم کی شرح بھی کم ہے۔پھر منشیات کے استعمال یا خرید و فروخت سے متعلق مسائل کو بھی کم شرح میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم خطے میں ٹرانزٹ کے طور پر منشیات کے کچھ چیلنجز موجود ہیں۔اور پھر اگر کوئی جرائم کرتا پکڑا جائے تو اگر وہ آذربائیجان کا باشندہ ہے تو اُسے سخت سزا دی جاتی ہے، لیکن اگر کوئی سیاح ہے یا کسی دوسرے ملک کا باشندہ یہاں کاروبار کی نیت سے رہ رہا ہے تو اُسے ڈی پورٹ کر دیا جاتا ہے،،، بہرحال یہاں پر اگر لباس کے حوالے سے بات کی جائے تو عورتیں لباس نہایت ہی مختصر پہنتی ہیں، میک اپ، بناﺅ سنگھار، جوتے، پرس کا بہت شوق ہے۔ مرد بھی پینٹ شرٹ پہنتے ہیں اور چست لباس ہوتا ہے۔ مرد زیادہ تر وقت کافی شاپ پر گزارتے ہیں۔اور چونکہ باکو ایک سیکولر اور کسمو پولیٹن (بین الاقوامی ثقافت والا) شہر ہے، اس لیے یہاں مرد اور خواتین عام طور پر جینز، شرٹس، ٹی شرٹس، فراک اور ٹراو¿زر جیسے عام مغربی لباس پہنتے ہیں۔اگرچہ باکو کے شہر میں کوئی سخت مذہبی ڈریس کوڈ نہیں ہے، لیکن مساجد، مزارات یا دیہی علاقوں میں جاتے وقت مناسب اور باحیا لباس (کندھے اور گھٹنے ڈھکے ہوئے) پہننا بہتر سمجھا جاتا ہے۔باکو کے اچھے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، تھیٹرز (جیسے اکیڈمک فلہارمونک ہال) یا نائٹ لائف کے مقامات پر لوگ اسمارٹ کیڑول یا ذرا زیادہ تیار ہو کرجانا پسند کرتے ہیں۔آذربائیجان کے روایتی کپڑے عام طور پر خاص تہواروں، ثقافتی تقریبات یا قومی دنوں پر پہنے جاتے ہیں۔ مردوں کے روایتی لباس میں آرخالیق اور بھیڑ کی کھال کی ٹوپی پاپاق (Papaq) شامل ہیں، جبکہ خواتین کے روایتی لباس میں ریشم کا مشہور کیلاغائی (Kelaghayi) اسکارف اور رنگ برنگے خوبصورت ملبوسات شامل ہوتے ہیں۔باکو میں گرمیاں گرم اور خشک ہوتی ہیں اس لیے ہلکے اور ہوادار کپڑے پہنے جاتے ہیں، جبکہ سردیوں میں یہاں کافی سردی اور تیز ہوائیں چلتی ہیں اس لیے کوٹ، جیکٹس اور گرم ملبوسات کا استعمال ہوتا ہے۔ اسی طرح باکو میں شراب عام بکتی ہے،،، یہاں شراب خانے بھی عام بات ہے،،، لیکن یہاں کی ایک خاص بات یہ ہے کہ مقامی لوگ سگریٹ نوشی زیادہ کرتے ہیں، مگر شراب نوشی سے پرہیز کرتے ہیں،،، لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ اگر یہاں پر بھی شراب پر پابندی لگا دی جائے تو شراب پینے والے بڑھ جائیں گے،،، کیوں کہ جب آپ کسی عام چیز پر پابندی لگاتے ہیں تو وہ ہر ایک کے لیے خاص بن جاتی ہے،،،ا ور لوگ اُس کی طرف زیادہ کھینچے چلے آتے ہیں،،، جیسے آپ پاکستان ہی کو دیکھ لیں،،، آذربائیجان میں جتنی بھی شراب مقامی طور پر تیار ہوتی ہے، یا بیرون ملک سے آتی ہے، اُس کا ٹیکس ریونیو سرکار کو جاتا ہے ،،، مگر پاکستان میں یہ اسمگل ہو کر آتی ہے،،، جس کی وجہ سے یہاں پینے والوں کی تعداد بھی نسبتاََ زیادہ ہے،،،ا ور پھر یہاں مافیا بھی سرعام خطرناک قسم کے کیمیکل بیچتا ہے،،، جس سے عام شہری ہلاک ہوتے ہیں،،، میں یہ نہیں کہتا کہ یہاں بھی شراب خانے عام کر دیے جائیں گے،،، مگر حکومت اس حوالے سے سوچ سکتی ہے کہ وہ اس اربوں روپے کی انڈسٹری سے کیسے فائدہ حاصل کر سکتی ہے،،، کیوں کہ آپ لاکھ جتن کر لیں یہ سلسلہ نہیں رُک سکتا،،، تو کیوں نہ سرکار اس کو اپنے ہاتھ میں لے کر اس پر نئے سرے سے قانون سازی کرلیں،،، کیونکہ بھٹو دور سے پہلے یہاں پر شراب عام بکتی تھی،،، (لیکن بھٹو صاحب نے دباﺅ میں آکر اس پر پابندی لگادی جسے مافیاﺅں کو فائدہ ہوا،،، حالانکہ بھٹو صاحب خود بھی مئے نوشی کیا کرتے تھے،،، ) اور کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ وہ عوام کو نقصان دہ کیمیکل بیچے اور ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرے۔ لیکن باکو میں ہم نے دیکھا کہ ہر سپر سٹور میں دو تین قطاریں شراب کے مختلف برانڈز کی تھیں،،، اور لوگ ٹیکس بھی ادا کر رہے تھے اور خرید بھی رہے تھے،،، خیر یہاں کی کرنسی ”منات“ ہے پاکستانی 160 روپے کے بدلے ایک منات ملتا ہے، امریکی ڈالر بھی عام ہے،،،اگر حکومت پاکستان آذربائیجان کی حکومت سے سرکاری طور پررابطہ کر کے ٹیکنیکل ہنر مند اور اعلی تعلیم یافتہ افراد کے لیے روز گار کے حوالہ سے مذاکرات کریں اور مستقل کوششیں کی جائیں تو یقیناً بہتر نتائج ہو سکتے ہیں کیونکہ اس ملک میں تیل اور گیس کے وافر خزانے موجود ہیں۔ البتہ ایک بات ضرور ہے کہ اس ملک کے عوام الناس اور اہم افراد بھی عمران خان اور جنرل پرویز مشرف کا نام بڑی عزت سے لیتے ہیں اور اکثریت انہیں جانتے ہیں۔ آذر بائیجان میں اللہ پاک نے پھلوں کی وافر نعمتیں عطا کی ہیں۔ جن میں مختلف قسم کا انگور، انجیر، ناشپاتی، آڑو، سیب، انار، آلو بخارہ، تربوز، جاپانی پھل، گرما، سرما اور زیتون وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ سبزہ ہر جگہ نظر آتا ہے بلکہ ہائی ویز کے ساتھ بھی گرین بیلٹ کا بڑا اہتمام ہے جو آنکھوں کو بھلا لگتا ہے۔ (جاری ہے)