نئے صوبے ناگزیر مگر،،، اس پر سیاست نہ کریں!اوکاڑہ پریس کلب کے زیراہتمام سیمینار

پاکستان میں جب بھی نئے صوبوں کے قیام کی بات ہوتی ہے تو اچانک سیاسی جماعتوں کے مفادات، علاقائی تعصبات، لسانی شناخت اور اقتدار کی تقسیم جیسے سوالات سر اٹھانے لگتے ہیں۔ کوئی جنوبی پنجاب کا نعرہ لگاتا ہے، کوئی بہاولپور کی تاریخی حیثیت یاد دلاتا ہے، کوئی ہزارہ صوبے کی بات کرتا ہے تو کوئی سندھ کی تقسیم کا خدشہ ظاہر کرنے لگتا ہے۔ یوں ایک ایسا معاملہ جو بنیادی طور پر انتظامی اصلاحات اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے سے متعلق ہے، سیاسی شطرنج کا حصہ بن جاتا ہے۔سوال یہ ہے کہ کیا نئے صوبے بنانے کا مقصد کسی سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانا ہے؟ کیا یہ کسی علاقے کی سیاسی طاقت کم یا زیادہ کرنے کا منصوبہ ہے؟ یا پھر اس کا اصل مقصد عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر حکومتی سہولتیں فراہم کرنا ہونا چاہیے؟ اگر مقصد عوامی خدمت ہے تو پھر اس معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کی کیا ضرورت ہے؟اس حوالے سے راقم کی زیر صدارت اوکاڑہ پریس کلب کی جانب سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کا عنوان ”پاکستان میں نئے صوبوں کی ضرورت“ تھا،،، جس میں مقررین اس بات پر زور دیا کہ ملک میں گورننس کی بہتری اور محرومیوں کے ازالے کے لیے نئے صوبے بنانا ناگزیر ہیں، تاہم ملک کسی اچانک فیصلے یا غیر یقینی صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکمرانوں کی نیت عوامی فلاح ہونی چاہیے،تقریب میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی، وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی ڈاکٹر سجاد مبین اور سابق جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار راجہ ذوالقرنین نے خصوصی شرکت کی، سیمینار سے اینکر پرسن جی این این پروفیسر طاہر ملک، ایڈیٹر جنگ گروپ خالد فاروقی، سینئر صحافی مظہر برلاس، بیورو چیف آج نیوز لاہور سلیم شیخ، اور صدر اوکاڑہ پریس کلب شہباز شاہین سمیت دیگر اراکین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر میری رائے تھی کہ پاکستان میں نئے صوبے بننے چاہئیں، اس میں کوئی اختلاف نہیں، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ صوبوں کے قیام کی ضرورت اچانک کیوں محسوس ہونے لگی؟ 75 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد اب یکایک یہ تاثر کیوں دیا جا رہا ہے کہ اگر نئے صوبے نہ بنائے گئے تو پاکستان کو نقصان پہنچے گا؟ صوبوں کا قیام اپنی جگہ اہم معاملہ ہے، مگر اس کے پیچھے حکمرانوں کی نیت اور مقاصد کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔جس کے بعد نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی جا سکتی ہے، لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ اس فیصلے کا اصل فائدہ کس کو پہنچے گا۔ اگر مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے تو یہ ایک مثبت قدم ہوگا، لیکن اگر اس کے پیچھے حکمران طبقے کے اپنے مفادات ہیں تو پھر صوبوں کی تعداد بڑھانے سے عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔میرے خیال میں پاکستان میں دو شاہی خاندانوں کے ساتھ ایک تیسرا خاندان بھی طاقت کے نظام پر اثرانداز ہے، جس نے ان دونوں خاندانوں کو اقتدار تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ اب یہی طاقتیں نئے صوبوں کے قیام کے فیصلے بھی کر رہی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ صرف نئے صوبوں کا قیام ہے؟کیا پاکستان کو سفارتی سطح پر مشکلات کا سامنا نہیں ہے، مشرقی سرحد کی صورتحال تشویش ناک نہیں ہے؟ بلوچستان اور آزاد کشمیر کے حالات بھی توجہ طلب نہیں ہیں؟ اگر ہیں تو پھر ایسے میں یہ سوال بھی ضرور اٹھتا ہے کہ کیا ان مسائل کو حل کرنا زیادہ ضروری نہیں؟ کیا صرف نئے صوبے بنا دینے سے یہ تمام مشکلات ختم ہو جائیں گی؟اس لیے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے دو اہم معاملات بھی زیرِ بحث ہیں۔ ایک این ایف سی ایوارڈ کی ازسرنو تشکیل اور دوسرا معدنی وسائل پر اختیار اور ان کے انتظام کا معاملہ۔ چھوٹے صوبوں کی صورت میں معدنیات کے انتظام اور ان کے حصول کو آسان بنانے کی بات کی جا رہی ہے، لیکن یہ واضح ہونا چاہیے کہ ان اقدامات سے فائدہ عوام کو ہوگا یا مخصوص مفادات رکھنے والے طبقات کو۔اس لیے میرے خیال میں اس وقت عوامی مسائل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے،،، ملک میں توانائی کے شعبے کا بحران، آئی پی پیز کے معاہدے، مہنگی بجلی، دہشت گردی اور سرکاری اداروں کی ناقص کارکردگی جیسے مسائل موجود ہیں۔ عوام ان مسائل سے براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں، لیکن ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آتے۔ اگر صادق آباد یا جنوبی پنجاب کے کسی علاقے سے لاہور پہنچنے میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے تو یہ ایک حقیقی مسئلہ ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر بنیادی مسائل بھی حل کرنا ضروری ہیں۔ صرف انتظامی تقسیم سے عوام کی مشکلات ختم نہیں ہوں گی، جب تک بنیادی سہولیات اور حکومتی نظام میں بہتری نہیں لائی جاتی۔اس کے علاوہ ہر چند ماہ بعد نئی کارروائیوں اور آپریشنز کا اعلان کر دیا جاتا ہے، لیکن عوام کو یہ بتایا جانا چاہیے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں مستقل بہتری کتنی آئی ہے۔ اصل ضرورت ایسے نتائج کی ہے جن سے شہریوں کو تحفظ اور امن میسر آئے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو حقیقی اقتدار منتقل کرنے کے لیے چھوٹے صوبوں اور بااختیار مقامی حکومتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بہاولپور، جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبہ نہ بنانا ایک بڑی سیاسی غلطی ہے۔پاکستان میں چھوٹے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، چھوٹے صوبوں میں بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل اور ملکی ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبے کے قیام کا مطالبہ سب سے پہلے انہوں نے کیا تھا جبکہ 9 مئی 2012 کو پنجاب اسمبلی میں بہاولپور صوبے کے قیام کی متفقہ قرارداد منظور ہوئی، مگر بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔ہر الیکشن میں صوبے بنانے کے وعدوں پر عوام سے ووٹ لیے جاتے ہیں، مگر عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ ملکی وسائل عوام کی بجائے حکمرانوں پر خرچ ہو رہے ہیں اور دو خاندان چھوٹے صوبوں کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہیں۔پارلیمنٹ کے ذریعے نئے صوبوں کے قیام کی آواز م¶ثر ثابت ہو سکتی ہے جبکہ نوجوان چھوٹے صوبے، بااختیار مقامی حکومتیں اور حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔ ملکی ترقی کے لیے نوجوانوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی ڈاکٹر سجاد مبین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں روس میں پانچ سال رہنے اور دنیا کے مختلف ممالک میں سفر و تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔ ان کے مشاہدے کے مطابق چھوٹے انتظامی یونٹس میں حکومتی نظام، انتظامی معاملات، نگرانی اور فیصلوں پر عمل درآمد زیادہ م¶ثر انداز میں ممکن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پبلک پالیسی یا گورننس کے ماہر نہیں بلکہ ایک شہری کی حیثیت سے سمجھتے ہیں کہ انتظامی یونٹس چھوٹے ہوں تو عوامی مسائل کے حل اور حکومتی کارکردگی میں بہتری آ سکتی ہے۔ تاہم نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔سینئر صحافی سلیم شیخ کاسیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ قریب ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔آئین کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری اور آئینی طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے، جس کے بعد قانون سازی کے ذریعے نئے صوبے قائم کیے جا سکتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے حوالے سے قرارداد پیش ہو چکی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی حال ہی میں اس کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے، جو اس معاملے میں ایک اہم سیاسی رکاوٹ ہے۔سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی زیر بحث ہے، تاہم ریفرنڈم کی قانونی حیثیت اور آئینی ترمیم کے تقاضوں کو سمجھنا ضروری ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ پہلے ریفرنڈم ہوگا یا آئینی ترمیم کے ذریعے اس معاملے کو آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ابھی یہ بھی طے ہونا باقی ہے کہ پورے پاکستان میں نئے صوبوں کی تشکیل کا جامع منصوبہ بنایا جائے گا یا جن صوبوں میں پہلے ہی قراردادیں پیش ہو چکی ہیں، انہی کی بنیاد پر پیش رفت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ یہ معاملہ بھی زیر غور آ سکتا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا اختیار صوبائی اسمبلیوں کے بجائے قومی اسمبلی اور سینیٹ کو منتقل کیا جائے۔ ایڈیٹر جنگ گروپ خالد فاروقی نے کہ پاکستان کے موجودہ انتظامی ڈھانچے میں اختیارات اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ایک بڑا مسئلہ ہے۔ 1971ئکے سانحے سے بھی ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اکثریت، عوامی حقوق اور سیاسی توازن کو نظرانداز کرنے کے نتائج کتنے سنگین ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی آبادی کا تقریباً 55 سے 60 فیصد پنجاب میں آباد ہے، جس کے باعث وفاقی اور صوبائی سطح پر طاقت اور وسائل کے توازن کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ ان کے بقول پنجاب کا وزیراعلیٰ بعض اوقات وسائل اور اختیارات کے اعتبار سے وزیراعظم سے بھی زیادہ بااثر دکھائی دیتا ہے۔ نئے صوبوں کی بحث کا اصل مقصد صرف انتظامی نقشے تبدیل کرنا نہیں بلکہ عوام تک وسائل اور اختیارات پہنچانا ہونا چاہیے۔پاکستان موجودہ حالات میں کسی بڑے اور غیر ضروری تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ مقتدر حلقوں، طاقتور اداروں اور سیاسی قیادت کو تدبر، سیاسی بصیرت اور قومی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسا فیصلہ کرنا چاہیے جو ملک کے اتحاد، استحکام اور عوامی مفاد میں ہو۔اینکر پرسن جی این این پروفیسر طاہر ملک کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کی حمایت اپنی جگہ، لیکن اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ نئے صوبوں میں ہونے والے انتخابات بھی شفاف ہوں گے اور وہاں عوام کی حقیقی نمائندگی سامنے آئے گی؟ اس لیے بیماری کی جڑ کو سمجھنا ضروری ہے۔ اصل ضرورت عوام کی آواز، خواہشات اور آئینی و قانونی حق کو تسلیم کرنے کی ہے۔سابق جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بارراجہ ذوالقرنین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل حقیقی جمہوریت، شفاف انتخابات، مضبوط سیاسی اداروں اور بااختیار بلدیاتی نظام میں ہے۔ ہمیں کنٹرولڈ پارلیمنٹ، کنٹرولڈ بار، کنٹرولڈ میڈیا اور ہر ادارے کو کنٹرول کرنے کی سوچ سے باہر نکلنا ہوگا۔ عوام کو ان کا حقِ رائے دہی دیا جائے اور ایسے منصفانہ انتخابات کرائے جائیں جن کے ذریعے عوام کی حقیقی نمائندگی سامنے آسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے بعد سے انتخابات اور جمہوری عمل کے حوالے سے مسلسل سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ عوامی مسائل پر سنجیدہ گفتگو اور فیصلوں کا اختیار عوامی نمائندوں کے پاس ہونا چاہیے، کیونکہ جب اہم معاملات عوام کے سامنے لائے جاتے ہیں تو ان کی اصل اہمیت اور اثرات واضح ہوتے ہیں۔ سینئرصحافی مظہر برلاس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں میں اختیارات اور وسائل کے ارتکاز کے بجائے انہیں نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عام آدمی کو سیاسی، معاشی اور انتظامی ترقی کے یکساں مواقع مل سکیں، ملک میں عام آدمی کے سیاسی راستے کھولنے، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور انتظامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے،پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے، جہاں نہ جمہوریت میں بادشاہت کی گنجائش ہے اور نہ ہی اسلام میں بادشاہت کا کوئی تصور موجود ہے، لیکن بدقسمتی سے ملک میں سیاسی خاندانوں کی اجارہ داری اور بادشاہت جیسا نظام قائم ہو چکا ہے۔صدر و ممبران اوکاڑہ پریس کلب شہباز شاہین نے کہا ہے کہ محمد علی درانی ایک طویل عرصے سے اس معاملے پر آواز اٹھا رہے ہیں، لیکن افسوس کہ سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں ہوتے ہوئے جنوبی پنجاب اور ہزارہ کو الگ صوبہ بنانے کے وعدے کرتی ہیں، جبکہ اقتدار میں آنے کے بعد ان وعدوں کو فراموش کر دیا جاتا ہے۔